شبیرحسین اِمام
ہزارہ در سینیٹ: حقیقی نمائندگی سے محروم
تحریک انصاف کو سینیٹ محاذ پر نیا اِمتحان درپیش ہے جہاں زیرغور معاملہ (قضیہ) ”واجبی نمائندگی“ کا نہیں بلکہ ”حقیقی نمائندگی“کا ہے۔ سینیٹ اِنتخابات (3 مارچ) کے لئے پارلیمانی سیاسی جماعتوں کی جانب سے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے جن میں خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی سے سب سے زیادہ تعداد میں یعنی 10سینیٹرز کا انتخاب ہونا ہے چونکہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی کی اکثریتی جماعت ہے اِس لئے سب کی نظریں اُس انصاف کی جانب مبذول تھیں کہ اِس مرتبہ صوبے کے 35 اَضلاع پر مشتمل 7 ڈویژنز (مالاکنڈ‘ ہزارہ‘ مردان‘ پشاور‘ کوہاٹ‘ بنوں اُور ڈیرہ اسماعیل خان) سے کتنا اِنصاف کیا جاتا ہے بالخصوص تحریک اِنصاف کے دیرینہ کارکن سینیٹ نامزدگیوں سے متعلق فیصلوں سے کس قدر اتفاق کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے 13 فروری کی شام سینیٹ کے لئے نامزد اراکین کی فہرست جاری کی گئی جس کے مطابق جنرل نشستوں پر شبلی فراز‘ محسن عزیز‘ ذیشان خانزادہ‘ فیصل سلیم اُور نجی اللہ خٹک۔ ٹیکنوکریٹ نشستوں پر دوست محمد محسود اُور ڈاکٹر ہمایوں مہمند۔ خواتین کی نشستوں پر ثانیہ نشتر اُور فلک ناز چترالی جبکہ اقلیتی نشست پر گردیپ سنگھ نامزد ہوئے ہیں اُور 15 فروری (کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ) تک اِن ناموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی حالانکہ خیبرپختونخوا کے مختلف ڈویژنوں سے تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج (تیرہ فروری کی شام ہوئے اعلان سے) جاری ہے۔
سینیٹ کے لئے نامزدگیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا (فیس بک اُور ٹوئیٹر) کے علاوہ واٹس ایپ گروپوں میں تحریک انصاف ہزارہ ڈویژن کے کارکن شدید ردعمل (ناپسندیدگی) کا اظہار کر رہے ہیں۔ فیس بک کے ایسے ہی ایک پیغام (پوسٹ) میں کہا گیا ہے کہ ”سینیٹ نامزدگیاں کرتے ہوئے تحریک ِانصاف نے ہزارہ ڈویژن کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا اُور ہزارہ سے قریب دو درجن اراکین اسمبلیوں کے باوجود بھی سینیٹ کے لئے نئے (تازہ دم) رکن پر نگاہ نہیں کی گئی جبکہ ضلع مردان سے 2 افراد کو سینیٹ کے لئے نامزد کرنے کو اہل ہزارہ اپنی حق تلفی سمجھتے ہیں۔“ کارکنوں کی جانب سے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے سخت تبصرے بھی کئے گئے ہیں اُور قیام پاکستان کی تحریک میں ہزارہ ڈویژن کے تاریخی کردار‘ واقعات و کارکردگی کے حوالے دیئے گئے ہیں لیکن ظاہر ہے کہ سوشل میڈیا کے اسلوب سے ’کلام نرم و نازک‘ اُس قیادت پر ’اثر‘ نہیں کرے گا جو اِس وقت اقتدار میں ہے اُور اقتدار کی سب سے بڑی خرابی یہ ہوتی ہے کہ اِس میں پاوں زمین پر نہیں رہتے۔ پاکستان کے سیاسی کلچر میں کارکنوں کی بے قدری کی یہ پہلی مثال نہیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی اپنے اپنے ظرف کے مطابق اُس جمہور کی رائے اُور جذبات کا احترام نہیں کرتیں جن سے جمہوریت تخلیق پاتی ہے۔
دریائے سندھ کے مشرقی کنارے سرسبز پہاڑی (بالائی) اُور زرخیز میدانی (زریں) علاقوں پر مشتمل ہزارہ ڈویژن میں اِیبٹ آباد‘ بٹ گرام‘ ہری پور‘ لوئر کوہستان‘ مانسہرہ‘ تورغر‘ کولائی پلاس اُور اَپر کوہستان نامی اضلاع شامل ہیں‘ جن کی سینیٹ میں ہزارہ ڈویژن کی نمائندگی سینیٹر اعظم سواتی 2006ءسے کر رہے ہیں لیکن یہ نمائندگی سیاسی و نظریاتی نہیں بلکہ وہ اپنے ذاتی اثرورسوخ اُور کاروباری مفادات و معاملات پر زیادہ توجہ دیتے ہیں جبکہ تقاضا یہ ہو رہا ہے کہ ’سینیٹ میں ہزارہ ڈویژن کو نمائندگی ملنی چاہئے‘ جو (برائے نام) نمائندگی ہونے کے باوجود بھی محروم ہے!“ سمجھ سے بالاتر ہے کہ کسی ایک ڈویژن کو سینیٹ میں 2 لیکن دوسرے ڈویژن کو سینیٹ میں ”حقیقی نمائندگی“ نہ دی جائے جس سے دور افتادہ اُور بیشتر غربت زدہ اضلاع میں پائے جانے والے ’احساس محرومی‘ میں اضافہ منطقی ردعمل ہے اُور سیاسی شعور رکھنے والوں کے علاوہ عوامی حلقے بھی اِس امتیازی سلوک کی مذمت کر رہے ہیں۔
شخصیات کے ذاتی مفادات نہ ہوتے تو سیدھا سادا حساب تھا کہ تحریک ِانصاف نے خیبرپختونخوا کے 7 ڈویژنز سے 10 سینیٹ نامزدگیاں کرنا تھیں اُور یہ قطعی مشکل نہ تھا کہ ہر ڈویژن کو نمائندگی دی جاتی۔ اگر مردان سے دو سینیٹرز کا اضافہ ہو سکتا ہے تو ہزارہ ڈویژن سے کیوں نہیں؟ لیکن ایسا نہ ہونے کی ایک بنیادی وجہ بھی ہے اُور وہ یہ کہ خیبرپختونخوا میں تحریک ِانصاف کسی بھی ضلع یا ڈویژن میں منظم نہیں اُور جماعتی فیصلے اُنہی رہنماوں کے ہاتھ میں ہیں اُور یہی کردار صوبے یا وفاق میں بیٹھ کر سیاہ و سفید کے مالک بنے ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں تحریک ِانصاف کا پہلا دور (مئی دوہزارتیرہ سے جون دوہزار اٹھارہ) اُور دوسرا دور (جولائی دوہزار اٹھارہ سے) تاحال جاری ہے۔ اِس دوران اگر سب سے کم توجہ کسی ایک شعبے پر دی گئی ہے تو وہ ”تنظیم سازی“ ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی برسرزمین صورتحال یہ ہے کہ تحریک انصاف کسی بھی ڈویژن‘ ضلع‘ تحصیل حتیٰ کہ یونین کونسل کی سطح پر بھی منظم نہیں اُور اِس کا تنظیمی ڈھانچہ برائے نام موجود ہے۔ المیہ ہے کہ وہ سیاسی جماعتیں جو اپنی ذات میں جمہوری ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں لیکن اُن کی تنظیم سازی کو کمزور رکھا گیا ہے جس سے کارکنوں کی خاطرخواہ اہمیت نہیں رہی اُور اب کارکنوں کی ضرورت صرف اُور صرف عام اِنتخابات تک محدود ہو گئی ہے۔ جہاں سیاسی تنظیم سازی نہ ہو‘ وہاں سیاسی کارکنوں (عوام) کی رائے کو بھی توجہ نہیں دی جاتی اُور سینیٹ کے لئے نامزدگیاں کرتے ہوئے یہی ہوا کہ تحریک ِانصاف نے نہ صرف خیبرپختونخوا کے سات اضلاع پر مشتمل ہزارہ ڈویژن کی جغرافیائی و سیاسی اہمیت کو نظرانداز کیا بلکہ یہاں کے سیاسی کارکنوں کو بھی ”صفر سے ضرب دی۔“ یاد دہانی کے لئے عرض ہے کہ ہزارہ ڈویژن وہی ہے جس نے ایک ارب شجرکاری مہم (بلین ٹری سونامی) سے لیکر سیاحتی ترقی کے ذریعے تحریک انصاف کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا اُور پوری دنیا میں تحریک انصاف کو پذیرائی ملی۔ وقت گزر جائے گا لیکن سوشل میڈیا پر کارکنوں کے تبصرے موجود رہیں گے جن پر نظر رکھے مورخین تحریک انصاف کی غلطیوں کو شمار کر رہے ہیں کہ وہ ملک کے لئے متبادل قیادت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی لیکن طاقت کے سرچشمے عوام کو خاطرخواہ اہمیت نہیں دی۔ ”اے دل خود ناشناس ایسا بھی کیا .... آئینہ اُور اِس قدر اندھا بھی کیا (اُمید فاضلی)۔“
مئی 2013ء کے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 23 لاکھ 41 ہزار 782 (مرد ووٹرز 13 لاکھ 31ہزار 518 اُور خواتین ووٹرز 10لاکھ 10ہزار 264) تھی جبکہ جولائی 2018ءکے عام اِنتخابات کے موقع پر جہاں ملک گیر سطح پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 2013ءکے عام انتخابات کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ ہوا‘ وہیں ہزارہ ڈویژن کے ووٹرز کی تعداد 35 لاکھ تک جا پہنچی۔ اِن اعدادوشمار کو ذہن میں رکھتے ہوئے جب ہم یہ بات کرتے ہیں کہ ہزارہ ڈویژن سینیٹ میں حقیقی نمائندگی نہیں رکھتی تو درحقیقت اِس سے مراد 35 لاکھ سے زائد ووٹرز کی آواز ہوتی ہے جن کے نمائندے قومی و صوبائی اسمبلیوں اُور سینیٹ میں تو موجود ہیں لیکن 3 مارچ کے بعد قانون ساز ایوان بالا (سینیٹ) میں ہزارہ ڈویژن کی ”حقیقی و معنوی نمائندگی“ نہیں ہوگی۔
No comments:
Post a Comment